SIZE
4 / 11

میرے داماد جی ، زبیدہ آپ سے یوں تو بہت پیار محبت سے پیش آتے تھے مگر ایک بات پر انھیں ان سے اختلاف تھا وہ کہتے تھے " سپورٹ اسی مسجد کو کریں جو آپ کے اپنے علاقے کی ہو اور مقامی لوگوں کو سروسز مہیا کر رہی ہو ." آپا زبیدہ جس مسجد کے لئے کہہ رہی تھیں وہ ان کے علاقے سے کافی دور تھی اس لئے وہ اس کے لئے فنڈ اکٹھا کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کرتے تھے ، زبیدہ آپا نے سنا تو قدرے ناراضی سے بولیں .

" پتر اپنی آخرت سنوار لے ، ایک اینٹ تیرے ڈالروں کی بھی لگ جاۓ گی تو کیا تجھے فائدہ نہیں ہو گا ، جنت میں محل ملے گا ..... محل ...."

" اور حوریں بھی ...." میں نے داماد کے کان میں سرگوشی کی تو وہ مسکرا دیا مگر مجھ سے کہنے لگا .

" آنٹی یہ صرف اس لئے مجھے مجبور کر رہی ہیں ... تاکہ میں ان کا فنڈ بڑھاؤں ، کمیونٹی میں ان کی واہ ، واہ ہو ، میں نہیں دوں گا . میں اپنے علاقے کی مسجد کو سپورٹ کرتا ہوں .... میرے لئے وہی ٹھیک ہے ." میں نے بھی بات سمجھ کر تائید میں سر ہلایا اور نظر گھما کر حال کی ڈیکوریشن اور کافی پارٹی کے دیگر انتظامات کو سراہنے لگی .

" یہ سب تو میری روزی کا ہی کمال ہے ... ماشااللہ ... سب کچھ اتنی مہارت سے سنبھالتی ہے کہ مجھے کچھ کرنے کی ضرورت نہیں رہتی . میری شہزادی رضیہ سلطانہ ہم میاں ، بیوی کو خوب عیش کرواتی ہے ، الله اسے ہمیشہ خوش رکھے ." ماں نے پیار سے بیٹی کو دعا دی اور فخر سے اس کی طرف دیکھنے لگیں .

" خیر مما ، سارا کام میں اکیلی تھوڑا ہی کر سکتی ہوں ، میرے پاس اپنے اتنے پیارے ایفی شنٹ ہیلپرز جو ہیں ." روزی نے نظر اٹھا کر اپنے ملازمین کو دیکھا اور آنکھوں ہی آنکھوں میں انھیں شاباش دی . میں نے اسی کی طرف دیکھنا شروع کر دیا . ایک دیسی لڑکی ، ایک ہسپانوی میکسکن اور ایک نوجوان بلیک ملازم کام میں جتے نظر آ رہے تھے .

" یہ لڑکی جو آپ دیکھ رہے ہیں ناں، یہ ہمارے اپنے فیصل آباد کی ہے .... عآئشہ ، خوب چالاک اور سمجھدار ، انڈین پارٹی میں جاۓ تو آشا کہلاتی ہے اور مسلم پارٹی میں جاۓ تو عائشہ ..." زبیدہ آپا کھلکھلا کر ہنسنے لگیں .

" اور یہ جو کالا آپ دیکھ رہی ہیں ناں ... لمبا تڑنگا، کالا بھجنگ ... یہ جوناتھن ہے ، بڑا اسٹرانگ ہے ، بڑی بڑی میزیں اکیلے ہی گھسیٹ لیتا ہے ."

" یہ کالے ناں ویسے تو بہت نکمے ہوتے ہیں مگر ایسے ہیوی ڈیوٹی کاموں کے لئے ٹھیک رہتے ہیں ، ویسے بڑی عجیب نسل ہے یہ ، نرے جانور کے جانور .... یہ نارتھ کیرولائنا تو ہے ہی ان کا علاقہ .... ہر طرف چھائے ہوئے ہیں ." زبیدہ آپا یوں احساس برتری سے بولیں جیسے وہ خود تو ہمیشہ سے ہی نارتھ کیرولائنا میں ہی رہتی چلی آتی ہوں یا پھر ان کا تعلق کیسی سفید فارم امریکی ماسٹر خاندان سے رہا ہو .