نائمہ کے کالج میں ابھی وقت باقی تھا .رفعت جبیں نے بلا توقف اپنا قصہ جاری رکھا کہ یہ تو روز کا معمول تھا . سامعین کی شکلیں اور جگہیں یونہی ناشتے کی میز پر گاہے گاہے تبدیل ہوتی رہتی تھیں . اب کس کس کے لئے سلسلہ کلام کو توڑا اور نئے سرے سے جوڑا جائے . وہ بھی اسی رفتار سے نائمہ کے ساتھ جاری رہیں . " مصطفیٰ نے بقیہ پندرہ روپے اس کے ہاتھ پہ کیا رکھے . اس نے تو طوفان اٹھا دیا . ارے کیا پچاس کا ایک نوٹ نکالنے کی روداد بھی نہیں ہوں جیب سے ..." لہجہ قدرے بھیگ سا گیا .
" میں کہتی ہوں کیا یہی قدر اور مقام ہوتا ہے بیوی کا گھر میں ... وہ بھی تو بیویاں ہوتی ہیں جن کی مٹھی میں شوہر پوری تنخواہ ہوتی ہے . مہینے بھر کا بجٹ بھی چلاتی ہیں ساتھ ساتھ شوہر کو بھی . ارے عورت کی زندگی میں ایک وقت میں ایک شوہر ہی تو ہوتا ہے ' مجھے وہ بھی ڈھنگ کا نہ ملا ."
اب معلوم نہیں ' ان کا دل جلا تھا کہ ہاتھ ...اوی اماں کہ کر انگلی منہ میں دبائی . دوسری بیویوں سے رشک و حسد محسوس کرتے شاید زیادہ ہی جذباتی ہو گئیں . چمٹے کی جگہ ہاتھ سے پراٹھا الٹنے لگی تھیں . نائمہ نے جلدی سے چاۓ کے آخری دو گھونٹ انڈیلے اور بیگ کندھے پہ ڈال کر اٹھ کھڑی ہوئی . آگے امی جانیں اور مصطفیٰ بھائی ... اگلی اور آخری باری ان ہی کی تھی . نائمہ کے جانے کے اور مصطفیٰ کے آنے کے بیچ اتنا وقفہ ضرور آیا تھا کہ اب وہ ناشتہ بنانے کے عمل سے فارغ ہو کر خود بھی چھوٹی میز کے نزدیک آ بیٹھی تھیں .
" ابو کو ساتھ میں ایک پانی کی بوتل بھی ضرور دے دیا کریں . اب ہچکیاں لیتے بائیک چلاتے ہویے کیا اچھے لگ رہے ہوں گے . " مصطفیٰ نے بشاشت سے مسکراتے نشست سنمبھالی تو لاڈلے کی بات پر رفعت بھی مصنوعی خفگی سے ہنس پڑیں .
" ہاں بس اسی کو فیور میں بولتے رہنا سب ... ایک ماں ہی کی سائیڈ نہ لینا بس ..."
" آپ کی سائیڈ لے کر آپ کے حق میں تو بخشے جایں گے مان لیا . مگر باپ کی نافرمانی میں تو گردن پکڑی جائے گی . آپ نا... اولاد کے پوائنٹ اف ویو سے دیکھنا بھول جاتی ہیں . اولاد کو صرف ماں کا فرماں بردار ہی تو نہیں ہونا چاہیے . باپ کا بھی برابر کا مقام ہے ."
وہ یونہی اعتماد سے اپنا نقطہ نظر بیان کیا کرتا تھا ' بنا لگی لپٹی کے . " کالج میں آج کل وعظ کی الگ سے کلاسز لگ رہی ہیں . آپ کی بیڈ لک کے ان دنوں قاری صاحب کا موضوع " باپ کی اطاعت " ہے . وہ ہنستے ہویے اپنے لئے رات کا سالن پلیٹ میں نکلنے لگا . رفعت نے منہ بناتے اس کے لئے چاۓ ڈالنا شروع کی .