SIZE
4 / 7

" کیوں ستاتی ہے مجھ بڑھیا کو' اللہ کی مار سو روپے میں ایک دن کی ہنڈیا پک جاتی ہے۔ محترمہ ترکیبوں کا لارا لیے چلی آ رہی ہیں ' ماں سے مشورہ کیے بغیر ' لوگ بھوکے مر رہے ہیں ملک میں سیلاب آیا ہوا ہے۔ ادھر ہم وطن اب چک چک لوندے اڑائیں گے۔" وہ غصے سے لال پیلی ہو رہی تھی۔

" چھوڑیے اماں بچی ہے۔ یہی تو شوق پورے کرنے کی عمر ہوتی ہے جانے دیجیے۔" بھابی نے اماں کو ٹھنڈا کرنا چاہا۔

" اس نے فرمائش کی مجھے رسالے دلا دیجیے میں نے دلا دیے۔۔۔ مجھے کیا خبر یہ مفت کا مال سمجھ کر سو روپے منہ دکھائی دے آۓ گی' وہ بپھریں۔

" اماں مجھے نہیں پتا تھا آپ اتنا غصہ ہوں گی میں ڈسٹ بن میں ڈال دیتی ہوں ' آپ خوش ہو جایئے۔" وہ روہانسی ہوئی۔

" اب اس کو رکھو باوا سے پیسے لے کر پکانا دیکھوں گی صاحبزادی کیا تیر مارتی ہیں۔" اماں نے پیٹھ پھیر کر ناراضی کا اظہار کیا۔

" پیاری اماں آپ دیکھیے گا آپ کی صاحبزادی کیسا مزے کا کھانا بنائیں گی ۔ آپ انگلیاں چاٹتی رہیں گی۔" اس نے دلار سے ماں کی گردن میں بانہیں ڈالیں۔

" چل پرے ہٹ ' مرضی کر کے چمکارنے آئی ہے۔" ان کے منہ بنانے پر ۔ نبیلہ بھابی کی ہنسی نکل گئی۔

" تم ہنس کر اسے اور چڑھاوے دے رہی ہو۔" ان کا رخ نبیلہ بھابی کی طرف ہوا۔ نبیلہ کی ہنسی کو بریک لگ گیا۔

" اماں کیا پکانا ہے۔"

" اس میں سے ہی کچھ پکا لو۔" وہ انواع و اقسام کی سبزیوں کی طرف اشارہ کرتی وضو کرنے چل دیں۔

" بھابی آپ اس سنڈے کو اپنی امی کے گھر جائیں گی۔" اس نے دریافت کیا۔

" نہیں اس دفعہ تو نہیں جا سکوں گی ' بھابی نے اپنے میکے والوں کی دعوت کی ہے اچھا نہیں لگے گا جاؤں گی تو ۔۔۔" وہ ہاتھ پلو سے پونچھتی ہوئی اس کے برابر پلنگ پر بیٹھ گئیں۔

" اچھا دراصل میں نے سوچا کہ اس دفعہ آپا آئیں گی تو کچھ خاص پکا لیا جاۓ۔اور میں نے ابا سے پوچھ لیا ہے انہوں نے کہا ہاں بیٹا تم لسٹ بنا کر دے دینا میں لے آؤں گا۔" اس نے کامیابی کا ذکر کیا جو ابا کی حمایت سے حاصل ہوئی تھی۔

" چلو یہ تو اچھی بات ہے پھر کیا ٹرائی کرنے کا یرادہ ہے۔" وہ مسکرائیں۔

" وہی تو میں سوچ رہی ہوں اتنی ساری ریسپیز سے کس کا انتخاب کروں۔" اس نے بے چارگی سے کہا۔

" چل مل کر ڈھونڈتے ہیں۔ وہ اہم ڈش کونسی ہے جو ہماری پیاری منیہ ٹرائی کرے گی۔" وہ عادتا مسکرائیں ۔ وہ بھاگ کر ریسپی بک اٹھا لائی۔

" لبنانی کباب۔۔۔۔ اس میں آدھا کلو قیمے کا ذکر ہے۔ ہمارے ہاں تین پاؤ آتاہے۔ یہ ٹھیک رہے گی پکانے میں ۔" منیہ کی نگاہیں لبنانی کبابوں کی ریسپی اٹکیں۔ قیمہ' آلو' پیاز' ابلی ہوئی میکرونی۔۔۔۔ وہ میکرونی پر تھوڑا اٹکی۔ بڑے ٹماٹر ' ابلے مٹر۔