SIZE
5 / 7

" ارے اب یہ ابلے مٹر کہاں سے لائیں گے۔" منیہ نے منہ بسورا۔

چلو چھوڑو کبابوں کی کوئی اور سی ترکیب دیکھتے ہیں۔" بھابی نے تسلی دی۔

" چکن چاؤمن مرغی' شملہ مرچ' گاجر' ٹماٹر ' پیاز' بند گوبھی اف مالک اماں تو کھری کھری سنا دیں گی۔ بولیں گی تین عدد سبزیاں۔۔۔۔ اس سے تو آلو مرغی پکا لو۔" بھابی نے چکن چاؤمن کو مسترد کیا۔ اس طرح کئی پکوان تو قبولیت کی گھڑی کو پہنچنے سے پہلے ہی فوت ہوگئے۔ کسی میں اشیا خوردونوش کی زیادتی تھی کسی میں جو نام سنے بھی نہیں تھے وہ چیزیں درج تھیں۔ جنہیں ڈھونڈنے کے لیے کسی سپر اسٹور جانا پڑتا۔ اور اوون کا ذکر ان کے ارمانوں سے پڑھی ریسپی پر ' غموں کے بادل تان دینا۔ بالاخر نند بھاوج کی نظریں چکن جنجر پہ ٹکیں۔ اس میں درج کچھ اشیاء میسر تھیں۔ کچھ منگوانی پڑتیں۔

" ابا سرکے کی ایک بوتل ' لیموں اور مرغی کے ساتھ ادرک بھی لے آئیے گا۔" اس نے ابا کو حسب ضرورت سامان بتایا۔

" اچھا بیٹا جو تمہاری مرضی۔" وہ بازار سے سودا لانے چل دیے۔

" اے لڑکی یہ سرکے کی بوتل کیوں منگوائی ہے۔" اماں نے اسے مخاطب کیا۔

" اماں آج ہم چکن جنجر پکا رہے ہیں اس میں سرکہ ملاؤں گی ۔" اس نے جوابا کہا۔

" ہمیں کیا تم جانو تمہارا کام۔"وہ بیزاری سے کہہ کر اٹھ گئیں۔

"ہوں۔" وہ ایک لفظی جواب دے کر کچن میں چلی آئی۔صبح کا ناشتہ کچھ دیر قبل ہی اختتام پزیر ہواتھا وہ برتن دھونے لگی۔ شکر ہے نمک ' لال مرچ' ہری مرچ' پسا دھنیا' کارن فلور' لیموں ' تیل ' آلو' ٹماٹر' پیاز وغیرہ موجود تھے۔ اس نے شکر کا پہلو ڈھونڈا۔

" منیہ میں آ گئی۔" مریم آپا کی چہکتی ہوئی آواز کچن تک آئی۔ وہ باہر نکل آئی۔

" آپا کیا حال ہے۔"

" فرسٹ کلاس تم سناؤ۔" فہد کمرے سے نکل کر آنگن میں آیا۔ آپا نے بڑھ کر اسے گود میں اٹھا لیا۔

" نبیلہ کیسی ہو۔" پانی کا گلاس لیتے ہوۓ آپا نے خیریت دریافت کی۔

" ٹھیک ہوں آپ سنائیں بچے نظر نہیں آ رہے!۔اس نے متلاشی نگاہیں دوڑائیں۔

" باپ کے ساتھ آئس کریم لینے گئے ہیں۔" انہوں نے بتایا۔

" اماں کدھر ہیں۔"

" نہا رہی ہیں میں برتن دھو رہی تھی ابھی آتی ہوں۔" وہ معذرت کرتی واپس ہو لی۔ تیزی سے ہاتھ چلاتے ہوۓ دھلے برتن اسٹینڈ پر رکھے۔

" اور بھئی چکن کا جنجر تیار ہو رہا ہے۔" آپا کچن میں داخل ہوئیں۔

" جی آپا ابھی تو تیار ہو گا۔ ابا سودا لانے گئے ہیں۔"وہ یقینا نبیلہ کی زبانی سارا واقعہ سن کر آئی تھیں۔

" دعا ہے کہ اچھا بنے ورنہ اماں صحیح سنائیں گی۔" وہ کسی خدشے کے تحت بولی۔

" فکر مت کرو اتنے مشہور شیف کی ریسپی بک ہے ضرور مزے کی بنے گی۔ " نبیلہ نے بھی آ کر گفتگو میں شمولیت اختیار کی ۔