آج کرن کا دل کالج جانے کو نہیں چاہ رہا تھا . دماغ جیسے سوچنے سمجھنے کی صلاحیت سے قاصر تھا . وہ اپنا سلیپنگ گاؤن پہنے لان میں آ کر بیٹھ گئی . آج اس کا دوست درخت بھی خاموش تھا . گھر میں اداسی تھی .وہ اپنے پپا کے لئے پریشان تھی . اب اس کے پپا ہر وقت پریشان اور اداس جو رہنے لگے تھے .
" مما کے جانے سے جیسے ہر خوشی ہی روٹھ گئی ہے ." اسے لگا کہ جیسے اسکی مما اس کے پاس آ کر کھڑی ہو گئی ہیں .
" مما پلیز ایک بات کہوں . آپ خفا تو نہیں ہوں گی . کیا میں پپا سے اصرار کروں کہ وہ اپنے لئے کوئی دوست کوئی ساتھی لے آئیں. میں تو انکی بیٹی ہوں ناں ' وہ ضرور میرا کہنا مان لیں گے .آپ کی جگہ تو کوئی نہیں لے سکتا لیکن گھر میں کچھ خوشی آ جاۓ گی . آپ بھی ضرور یہی چاہیں گی اس لئے کہ آپ بھی پپا سے بہت پیار کرتی ہیں ."
کرن جیسے ، جیسے سوچتی جا رہی تھی اسے سکون ملتا جا رہا تھا . وہ پپا کی بہت اچھی دوست بننے جا رہی تھی . " پپا خوش ہو جائیں گے اور میں مما کو دل ہی دل میں یاد کیا کروں گی ." سوچتے سوچتے اس کی آنکھ لگ گئی . پپا کی آواز سے وہ بیدار ہوئی .
" کرن بیٹے آنکھیں کھولو . دیکھو تو ہمارے گھر کون آیا ہے .....؟"
کرن نے گھبرا کر آنکھیں کھول دیں اور کھڑے ہو کر کپڑے درست کرنے لگی .
" کرن یہ میری دوست تھیں اور آج سے تمہاری نئی مما بھی ہیں . تم بہت اداس اور تنہا ہو گئی تھیں اس لئے میں انہیں یہاں لے آیا . اب یہ ہمارے ساتھ رہا کریں گی اور یہ تمہاری بہن زارا ہے .مجھے یقین ہے کہ تمہاری جلد ہی اس سے دوستی ہو جاۓ گی .تم بہت خوش رہا کرو گی . اپنی بہن اور مما کو گھر دکھاؤ تاکہ یہ کچھ مانوس ہو جائیں."
کرن کا دماغ جیسے سن ہو کر رہ گیا . اس کے سامنے بس دو لفظ گھوم رہے تھے . مما اور بہن . ذھن کو ایک جھٹکا لگا . پپا نے کیسے کتنی خوبی سے دو لفظوں میں کہانی مکمل کر دی . لمحے بھر میں ذھن نے بغاوت کی .
" مما اور بہن ، اور میں کون .....؟ میں تو پپا کی دوست تھی اچھی اور سچی دوست میں کہاں چھپ گئی . کیا ان کے آنے سے میری تصویر دھندلا گئی ہے . پپا نے مجھ سے تو پہلے کوئی بات نہیں کی ." وہ سوچے جا رہی تھی . مہمان بھی آنے والا ہو تو گھر والوں کو پہلے سے بتایا جاتا ہے . میں کون ہوں بھلا ؟ اس کون سے آگے ایک سیاہ دھبہ سوالیہ نشان بن کر ابھرا . وہ غم اور غصے سے چکرا کر گرنے ہی والی تھی کے آگے بڑھ کر زارا نے سہارا دیا .
" پیاری بہن ، میرا بھی تمہارے جیسا ہی حال ہے لیکن میں تمہاری اچھی دوست بن سکتی ہوں ." اس نے کہا . ٹھیک اسی لمحے پپا نے نزدیک آ کر دونوں کو اپنی بانہوں میں لے لیا . اور گھر کے اندر چلے گئے . کرن وقتی طور پر سنمبھلی اور پپا کے ساتھ ایک روبوٹ کی طرح گھر کے مختلف حصوں میں ان کے ساتھ گھومتی رہی .پھر آ کر لان میں سب بیٹھ گئے .فضلو بابا چاۓ لے کر آئے سب نے چائے پی . کرن کا سر ایسے بھاری ہو رہا تھا جیسے کسی نے سے پر بہت سارا سامان رکھ کر ہاتھ باندھ دیے ہوں اور وزن سے ٹانگیں لڑکھڑا رہی ہوں .