SIZE
5 / 5

" مما ، صوفیہ پھپھو پوچھ رہی تھیں ... تم دونوں بہن بھائی روزے کیوں نہیں رکھ رہے میں نے کہہ دیا . اتنی گرمی ھے ، بہت پیاس لگتی ھے ؟ تو پتا ھے انہوں نے کیا کہا ، کہنے لگیں ." بیٹا ، یہ گرمی تو گزر جاۓ گی ، سکول سے بھی چھٹیاں ہیں گھر میں اے سی بھی ھے ، افطاری کے ٹائم پر اپنی بھوک پیاس بجھا سکتے ہو لیکن قبر کی تنگی ، میدان حشر کی تنگی اس سے یہی نماز ، روزے بچائیں گے ."

" افوہ ، یہ آپا بھی بس ہر وقت تبلیغ کو تیار رہتی ہیں . اتنے ، اتنے سے بچوں کی صحت تو خراب تو نہیں کرنی ، پہلے بچوں پر کتابوں کا اتنا بوجھ تو نہیں ہوتا تھا ... اب آج کا مقابلہ پرانے زمانے سے کہاں تک کریں ... الله تو بہت مہربان ھے ... اسے ہماری مجبوریوں کی سب خبر ھے ." داود نے ماریا کی طرف دیکھا .

" آپا تو مجھ سے بھی بہت ناراض ہوئیں... شاید عائشہ نے ہی انکی پوتی کو بتا دیا کہ ہمارے گھر میں کوئی روزہ نہیں رکھتا . ایک تو اس وجہ سے بہت ناراض تھیں ، ادھر کہیں سے یہ بھی معلوم ہو گیا کہ عید قربان پہ ہم لوگ ملائشیا جا رہے ہیں ، مجھ سے پوچھنے لگیں . قربانی کہاں کرو گے ؟ جھوٹ مجھ سے بولا نہیں گیا . کہہ دیا کہ جانور ذبح کرنا ضروری تو نہیں ، الله کی را ہ میں خرچ ہی کرنا ھے تو وہ سارا سال ہی کرتے رہتے ہیں . اب بھی کریں گے لیکن بچے بہت دنوں سے فرمائش کر رہے تھے کہ کہیں سیر کے لئے چلیں ، ان کے کلاس فیلوز ، دوست وغیرہ ... سب یورپ ، امریکہ جاتے ہیں تو ہم نے سوچا ، بچوں میں احساس کمتری نہ پیدا ہو . میرے اس جواب سے بھی آپا کو بہت دکھ ہوا ، کہنے لگیں .

" میری سمجھ میں نہیں آتا یہ تمہاری اپنے بچوں سے کیسی محبت ھے کہ عارضی خوشی ، عارضی فائدے کے لئے دائمی نقصان کر رہے ہو ... بھلا بتاؤ تو بچوں کا موڈ نہ ہو تو کیا انہیں سکول سے بلاوجہ چھٹی کرنے دو گے ؟ اس لئے کہ بچے تھک جائیں گے ،امتحان کے دنوں میں بچوں کو پڑھنے کے بجاۓ آرام کرنے کے لئے کہو گے ؟ نہیں ناں ...تو پھر الله رسول کے احکام مانتے ہوئے گریز ، سستی کا رویہ کیوں ؟ والدین کا کام بچوں کو اصل نقل ، نیک بد کا فرق سمجھانا ہوتا ھے ، یہ درست ھے کے آج نمائش کا دور دورہ ھے . بچے ہوں یا بڑے ' ترغیبات نفس سے بچنا ، ہر ایک کے لئے بہت مشکل ھے لیکن نا ممکن تو نہیں ."

ماریا کو لگا ، داود پر اپنی آپا کی باتوں کا اثر کافی گہرا ہو رہا ھے ... اسے خدشہ لاحق ہوا کہ کہیں ملائشیا کا پروگرام کینسل نہ ہو جائے تو فورا بول اٹھی .

" داود ، آپا کہتی تو ٹھیک ہی ہیں لیکن تم بتاؤ آج کے اس کمپوٹر کے دور میں ہم خود کو اور اپنے بچوں کو جدید دنیا اور اس کے اثرات سے کیسے بچا سکتے ہیں ، ایسا کریں گے تو بہت پیچھے رہ جائیں گے ، چلو ، ایسا کرتے ہیں ایدھی والوں کے ساتھ گاۓ میں ایک حصہ ڈال دیں گے ، قربانی تو ہو جاۓ گی ، آپا کو بتا دینا کہ ہم نے قربانی کی ھے ... بس چلو تم اپنا موڈ ٹھیک کرو ، آپا اور ان کی فیملی تو کچھ زیادہ ہی سخت ھے . ورنہ الله تو بہت مہربان ھے ."

" بیشک الله بہت مہربان ھے لیکن ہم جانتے ، بوجھتے ، نافرمان کیوں ہیں ...؟ داود کو آپا کی بات یاد آ گئی .