کیمسٹری کی کلاس لینے کے بعد کلاس سے باہر آ کر اس نے سکون بھری سانس خارج کی اور کلاس کے سامنے موجود کیمسٹری ڈپارٹمنٹ کے گراؤنڈ پر طائرانہ نظر ڈالی۔ اس وقت گراونڈ میں رش زیادہ تھا۔ اگلا پیریڈ فری تھا۔ سو وہ بھی وہیں چلی آئی۔ بیٹھنے کے لیے جگہ تلاش کرتے وقت اس کی نظر اپنی دوستوں پر پڑی جو گراونڈ کے ایک کونے میں پیپل کے درخت کے سائے میں براجمان تھیں۔ وہ خوش گوار حیرت کے ساتھ ان کی طرف چلی آئی۔
" ایں! تم لوگ آج آئی ہوئی ہو تو کلاس میں کیوں نہیں آئیں۔ پہلے تینوں پیریڈ کیوں چھوڑے تم لوگوں نے؟" اپنی کتابیں اور بیگ ان کے قریب رکھتے ہوئے وہ خود بھی وہیں ان کے پاس نیچے بیٹھ گئی اور ان کی طرف سوالیہ نظروں سے دیکھنے لگی۔
" ہم دونوں آج لیٹ ہوئی گئی تھیں۔ جانتی ہو لیٹ آنے پر کسی قدر بے عزت کرتی ہیں۔ ادھر آئے تو یہ آنسہ نظرآ گئی۔ دو دن کی چھٹی پر گئی تھی اور آج پورے ہفتے بعد آئی ہے اپنی منگنی کروا کر۔" آفرین نے ان کی طرف شرارت سے دیکھتے ہوئے اپنی کلاس نہ لینے کی وجہ پوری تفصیل سے بتائی۔ وہ تینوں اس کی بات کے اختتام پر ہنس پڑیں۔
" اچھا اب باتیں بند کرو اور یہ تصویریں دیکھو اور خوب تعریفیں کرو۔" آنسہ
نے کہا اور اپنا بیگ اٹھا کر اس میں سے خوب صورت سا سرخ مخمل کا البم ان کی طرف بڑھایا۔
پہلی ہی تصویر آنسہ کی تھی ۔ گہرے سرخ رنگ کے خوب صورت سے لہنگے میں دلہن بنی نظریں جھکاۓ بیٹھی تھی۔
" واؤ! تم تو بہت پیاری لگ رہی ہو آنسہ۔" عکس نے تصویر دیکھ کر سراہا تھا۔ " ہاں واقعی! شادی کی دلہن لگ رہی ہو مکمل۔" ثمرین اور آفرین نے بھی تعریف کی تھی۔
" اچھا آگے تو دیکھو اور تصوریں' میں اپنے ان کی بھی دکھاتی ہوں۔" آنسہ نے اگلی تصویر پلٹی' جو اس کے منگیتر کی تھی۔
" یہ دیکھو یہ ہے طارق۔۔۔۔" شرم کی لالی اس کے گالوں پر اتر آئی تھی۔ وہ تینوں اشتیاق بھری نظروں سے تصویر دیکھنے لگیں۔
" ماشاء اللہ ' دونوں کی جوڑی واقعی شاندار ہے۔" آفرین نے تعریف کی۔
" سچ۔۔۔۔۔۔؟" آنسہ نے خوشی سے بھری آواز میں پوچھا۔
" ہاں واقعی جوڑی پیاری ہے تم دونوں کی ۔" ثمرین نے بھی تائید کی تھی۔
" تھینکس۔۔۔۔!" آنسہ اپنی تعریف سن کر اور جوش سے اگلی تصویر دکھانے لگی۔ ثمرین اور آفرین آپس میں کزنز تھیں مگر آنسہ اور عکس سے ان کی دوستی ابھی تین مہینے پہلے ہی ہوئی تھی ۔ اسی بنا پر وہ ایک دوسرے کو زیادہ نہیں جانتی تھیں اور اسی وجہ سے وہ آنسہ کی منگنی پر نا پائی تھیں ۔ تمام تصویریں دیکھنے کے بعد ثمرین نے البم بند کیا اور آنسہ کی طرف " ہمارے گروپ میں ہم تین تو کنارے لگیں ' اب عکس رہ گئی ہے۔ اس کی قسمت دیکھو کب کھلتی ہے۔
ثمرین شادی شدہ تھی۔ اس کی شادی آفرین کے بھائی کے ساتھ ہوئی تھی جبکہ آفرین کا نکاح ثمرین کے بھائی کے ساتھ ہوا تھا اور رخصتی پڑھائی کے بعد طے پائی تھی اور اب آنسہ کی بھی منگنی ہو گئی تھی ۔ رہ گئی تھی تو بس عکس۔۔۔۔۔۔