SIZE
5 / 5

" دال میں کچھ کالا ہے ..." مجھ جیسی کالی کو کیوں اس طرح پہلی ہی نظر میں کالا کہے بغیر قبول کر لیا . ماضی کے بارے میں کیوں نہیں پوچھا ."

" یقیناّ یہ لوگ دو نمبری ہیں . آپ کی دولت کے پیچھے ہیں . لڑکا ہو سکتا ہے کہ لنگڑا یا لولا ہو یہ پھر نفسیاتی ہو گا . ہو سکتا ہے کہ جوا کھیلتا ہو ... کسی بازاری عورت کے چکر میں پھنسا ہو گا . وغیرہ وغیرہ ..." امی ہلکے ، ہلکے مسکراتی رہیں تو مجھے اور بے چینی لگ گئی ... امی مطمئن لگ رہی تھیں .

" امی کے اوپر ان لوگوں نے جادو کروا دیا ہے ؟"

میں نے تھک ہار کر سوچا ... راتیں تو کالی تھیں ہی اب دن بھی کالے لگنے لگے تھے ... ہر بات پر ہزار بار سوچنے لگی ہر طرف لوگ میرے مستقبل کو کالا کرنے پر تلے نظر آنے لگے اور بار بار تو میں پارلر کا خرچہ کرنے سے رہی ... اور ہر بار تو یہ بھی اچھا نہیں لگے گا کہ میں شادی ہال سے بھاگ لوں ... لہذا ان صاحب سے ہی بات کر لیتی ہوں ، خود ہی بات سامنے آ جاۓ گی . ایک دن آفس سے ان کے آفس کا نمبر ملا لیا ... بڑی تگ و دو کے بعد وہ فون پر آئے ... میں نے بات شروع کرنے کے لئے منہ کھولا ہی تھا کہ دوسری طرف سے گھمبیر لہجے میں کہا گیا ....

" آپ کو جو بھی کہنا ہے مجھ سے پہلے وقت لیں پھر بات ہو گی ..." یہ کہہ کر انہوں نے فون بند کر دیا....

میں حیران رہ گئی اور جھماکے کے ساتھ مجھے یاد آ گیا کہ مجھے تھام کر گاڑی تک پہنچانے والا وہ مضبوط سہارا کون تھا ... زیر لب مسکراتے ہوئے میں گنگنائی ...

" بہت دیر کی مہربان آتے آتے ...."