اگرچہ اسکی سیلفیاں بھی اتنی بری نہیں ہوا کرتی تھیں مگر بہرحال وہ فواد یا سلمان تو تھا نہیں جو صنف نازک کو ہر حال میں " خوبرو ، سمارٹ اور ڈیشنگ " دکھائی دیتا . جبکہ اسکا خیال تھا ( قطعی ذاتی اور ...) کہ ایک تخلیق کار کی مقبولیت میں اس کے شخصی سحر کا بہت بڑا ہاتھ ہوا کرتا ہے ( خفیہ ) اور وہ نوجوان نسل کا ابھرتا ہوا شاعر تھا . ( بزعم خود ) اور اس کے لئے دیگر کی طرح " سیلف مارکیٹنگ " اشد نا گزیر تھی . وگرنہ تو ترقی اور شہرت کی اس دوڑ میں اس نے بہت پیچھے رہ جانا تھا .
" ہوں " اس نے سر اثبات میں ہلا کر ایک شاعرانہ قسم کا ہنکارا بھرا . اسکی تنقیدی نگاہیں سامنے میز پر دھرے اپنے فون اسکرین کی جانب مرکوز تھیں . جہاں اس کا ایف بی کا اکاونٹ کھلا تھا اور اس کے تازہ ترین اسٹیٹس پر اسے مسلسل لائکس اور کمنٹس موصول ہو رہے تھے . تبھی مشام جانں کو مہکاتی ایک دلفریب خوشبو اونچی ہیل پر ٹک ٹک کرتی اس کے نزدیک آ ٹھہری .
اس نے بے ساختہ گردن اٹھائی . کالی چست جینز کے اوپر سادہ سفید امتزاج اونی بلیزر زیب تن کیے ' سیدھے تراشیدہ بالوں کو پشت پر بکھراۓ ' کانوں میں چاندی کے گول آویزے پہنے اور نا محسوس رنگوں سے اپنے چمکیلی جلد والے چہرے کو نکھارے یہ لیلی تھی ... مجنوں کی لیلی !
" اتنی دیر لگا دی آنے میں ؟" قیس خفگی سے بولا ." کب سے تمہارا منتظر ہوں یہاں ."
" آئ ایم سو سوری قیس ." وہ میز کی دوسری طرف والی کرسی پر براجمان ہو کر اپنی بے ترتیب سانسوں کو درست کرتی ہوئی معذرت خواہا نہ لہجے میں بولی . " راستے میں بہت ٹریفک تھا . کتنی مشکل سے گاڑی نکال کر لائی ہوں یہ میں ہی جانتی ہوں ."
" گاڑی تمہارے پاس ہے ' ظاہر ہے تم ہی جانتی ہو گی کہ کیسے نکال کر لائی ہو گی ؟" قیس پھیکا سا مسکرایا . مجھ جیسے بائیک پر پھرنے والے غریب انسان کو کیا معلوم کہ رش سے گاڑی کیسے نکالی جاتی ہے ؟" وہ فون کونے میں کر کے اب اپنے مخصوص بے نیاز انداز میں کرسی کی پشت سے کمر ٹکا کر بیٹھ گیا .
" اوہ کم ان قیس !" لیلی اسکی بات پر فہمائشی انداز سے اسے دیکھ کر بولی . " تم جانتے ہو نا مجھے کتنا برا لگتا ہے جب تم اپنے آپ کو انڈر ایسٹیمیٹ کرتے ہو تو ."
" کیا فرق پڑتا ہے ." قیس نے عجیب انداز میں ہنس کر بناوٹی بے نیازی سے کندھے ہلائے . " تمہیں جس قدر برا لگے . سچائی تو بہرحال یہی ہے ."
" اچھا چھوڑو یہ باتیں ." لیلی جانتی تھی کہ جتنا وہ اس بات کو طول دے گی ' قیس کا موڈ مزید خراب ہوتا جائے گا . یہ بتاؤ کافی کے ساتھ کچھ لو گے ؟" تمہاری فیورٹ براؤنی منگوا لوں ؟"