SIZE
1 / 7

" آج کی تازہ خبر ۔ آج کی تازہ خبر۔ ہفتے میں دو دن چھٹی۔ ہفتے میں دو دن چھٹی۔"

سحرش کی پیشہ ور( اخبار فروش) ہاکر کی طرح اخبار ادھر سے ادھر پہنچاتی پھر رہی تھی ۔ اس چکر میں وہ دو دفعہ جان بوجھ کے مہوش کے سامنے سے گزری۔

ایک دفعہ ڈائننگ ٹیبل سے ٹکرائی' دوسری دفعہ پیڈسٹل فین سے۔

"کیا۔ سحرش! کیا بچوں کی طرح خوش ہو رہی ہو۔؟ ایسا لگ رہا ہے جیسے تمہاری کوئی درینہ خواہش پوری ہو گئی ہو۔"

مہوش اپنے نوٹس بنانے میں مگن تھی اور کافی دیر سے سحرش کو نظر انداز کر رہی تھی۔ مگر جب اخبار لہرا لہرا کے پوز دینے کے چکر میں وہ دو دفعہ چیزوں سے ٹکرائی تو مہوش کو متوجہ ہونا ہی پڑا۔

" ارے ایسی ویسی خوش ' میرا تو دل چاہ رہا ہے مٹھائی بانٹوں ۔ آہ" وہ کراہی۔

خوشی کے چکر میں کچھ زیادہ ہی زور سے لگ گئی تھی۔ وہ اہستہ اہستہ اپنا کاندھا دبانے لگی۔ مہوش اسے صرف دیکھ کر رہ گئی۔

" ہومیوپیتھک کا کورس۔" اللہ معاف کرے۔ کسی طرح بھی ایلوپیتھی سے کم نہیں۔ اتنی دیدہ ریزی' عرق ریزی اور پتا نہیں کون کون سی " ریزی " کا کام ہےیہ دواؤں کے نام یاد رکھنا ' جیسے " aphrodite' siaphisagaria' sablserulatm-q' natrom mur-30 اور الا بلا۔ اف خدایا دماغ پلپلا ہو گیا میرا تو۔ ان کع یاد کرنے کے لیے تو یہ دو چھٹیاں بھی کم ہوں گی۔"

اس کے پیپرز نزدیک آ رہے تھے ' اور کورس تھا کہ ہضم ہی نہ ہو رہا تھا۔

" چھ مہینے تو ڈھنگ سے دل لگا کر تم نے پڑھا نہیں۔اب یہ ویکلی دو چھٹیاں ' ان میں کیا پورے چھ مہینے کا کورس گھول کر پی سکتی ہو۔ پتا نہیں کس دنیا میں رہتی ہو سحرش ! چیزوں کو اتنا لائٹ مت لیا کرو۔" مہوش نے اسے گھرکا۔

" اور تم کیا سمجھتی ہو۔ ہفتے میں دو چھٹیاں ' یہ ہمارے مسائل کا حل ہے۔ نہیں میری بہن۔" بات کرتے ہوۓ اس نے بہن کو کندھے سے پکڑ کر اپنی طرف کیا۔ " یہ ہماری اور مشکلات کا آغاز ہے' ملک میں پہلے ہی تعلیمی چھٹیاں کیا کم ہوتی ہیں۔ ہفتے میں ان دو چھٹیوں سے تعلیمی سلیبس اور متاثر ہو گا اور پھر یہ جو ہم لائبریری اور کمپیوٹر سے مدد حاصل کرتے ہیں اپنے ریسرچ ورک کے لیے تو مزید ایک اور دن کے لیے ان سب سے رابطہ منقطع ہو جاۓ گا۔ دنیا چاند پر پہنچ گئی اور ہم ہیں کہ اپنے بنیادی مسائل کے جن کو قابو ہی نہیں کر سکے ہیں اور دو دن کی چھٹیاں کر کے سمجھتے ہیں جیسے بجلی' پانی' گیس' مہنگائی سب مسائل حل ہو جائیں گے۔ یہ تم جیسی عوام ہی ہے ' جو ہمارے حکمرانوں کو یہ باور کراتی ہے کہ ہم زمین پر نہیں چاند پر رہتے ہیں ۔ جہاں کوئی مسلہ مسلہ ہی نہیں۔" مہوش نے ٹھیک ٹھاک سحرش کو لتاڑا۔